پمز سمیت تمام سرکاری اسپتالوں کی نگرانی کےلیے کمیٹی قائم،ڈاکٹراظہر محمود سربراہ مقرر

مریضوں کی دیکھ بھال،حفاظتی اقدامات اور انتظامی نظام کی بہتری کیلئےاصلاحات کی سفارشات مرتب ہوں گی

August 27, 2026 · قومی

فائل فوٹو

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پمز سمیت ملک بھر کے سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی امور اور کارکردگی کی مؤثر نگرانی کے لیے مینیجمنٹ اوورسائٹ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی المناک ہلاکت کے واقعے کے بعد ہسپتالوں کے انتظامی و طبی امور میں بہتری اور مریضوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ ایڈوائزر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کو کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی ہے۔

کمیٹی مریضوں کی دیکھ بھال، حفاظتی اقدامات، انتظامی نظام اور ہسپتالوں کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کے لیے اصلاحات سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی۔ کمیٹی پمز کے انتظامی ڈھانچے میں بہتری اور مؤثر انتظامی نظام کے حوالے سے تجاویز بھی وزیراعظم کو پیش کرے گی