موٹروے پر کار پیچھے سے ٹرالر میں گھس گئی، مسافر ہلاک، ڈرائیور کیخلاف مقدمہ
چکوال کے قریب ایم 2 پر ڈرائیور کو اونگھ آنے کے سبب حادثہ پیش آیا، مسافر ناران جا رہے تھے
چکوال کے قریب موٹروے ایم ٹو پر کار آگے جاتے ٹریلر میں گھس گئی
چکوال میں موٹروے ایم 2 پر مارتھ کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار کلٹس کار آگے جاتے ہوئے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔ کار ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حادثے کا شکار کار میں سوار افراد فیصل آباد سے ناران کاغان جا رہے تھے، اور ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرائیور کو مبینہ طور پر نیند آنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے وقت کار میں کل 6 افراد سوار تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت غلام مصطفیٰ سکنہ فیصل آباد کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں محمد حسنین، محمد عثمان، حماد حسین، محمد نوید اور علی حسنین ساکنان فیصل آباد شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق شخص کی نعش بھی ہسپتال منتقل کر دی گئی۔
اس حادثے پر کار ڈرائیور کے خلاف تھانہ نیلہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ کار ڈرائیور حماد حسین ولد بشارت علی سکنہ فیصل آباد پر تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے فاسٹ لین میں موجود ٹریلر کو عقب سے ٹکر مارنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر محمد ریاض کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 279، 322، 337-G اور 427 شامل کی گئی ہیں۔