وزیر اعظم پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو معطل نہیں کر سکے، اسے گرفتار کرنا چاہیے تھا، سینیٹر سعدیہ عباسی
حکومتی سینیٹر سعدیہ عباسی نے سانحہ پمز پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم سے ذمہ داری قبول کرنے کا مطالبہ کیا۔
حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کی سینیٹر سعدیہ عباسی نے سینیٹ سے خطاب میں سانحہ پمز پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پمز کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران اتنا طاقت ور ہے کہ وزیر اعظم اسے معطل نہیں کر سکے جبکہ سیکرٹری صحت کو معطل کر دیا گیا۔ آخر ای ڈی پمز کو عہدے سے کیوں نہیں ہٹایا گیا؟
وزیر اعظم اس سانحہ کی ذمہ داری قبول کریں۔ کسی نے بھی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ سعدیہ عباسی نے مزید کہا کہ میں ای ڈی پمز کی تقرری کے بورڈ میں موجود تھی، میں نے اور سلیم مانڈوی والا نے ای ڈی پمز کی تقرری کی بہت مخالفت کی تھی لیکن بیوروکریسی نے اسے ای ڈی لگانے کی بہت حمایت کی۔ ایسا لگتا ہے ای ڈی پمز کی رسائی ایسی جگہ تک ہے کہ جہاں کوئی اسے ہاتھ نہیں لگا سکتا۔ ای ڈی پمز اس واقعہ کا قصور وار ہے اسے تو گرفتار کرنا چاہیے تھا۔