بابا بلھے شاہؒ کے عرس کی تقریبات آخری مرحلے میں داخل، سکیورٹی سخت
عقیدت مند فاتحہ خوانی، دعا اور حاضری کے لیے دربار کا رخ کر رہے ہیں، جبکہ شہر میں روحانی اور عقیدتی ماحول قائم ہے۔
فائل فوٹو
قصور: حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں عرس کی تین روزہ تقریبات آج آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں۔ ملک کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند قصور پہنچ گئے ہیں اور دربار پر حاضری کا سلسلہ جاری ہے۔
عرس کے آخری روز دربار بابا بلھے شاہؒ اور اطراف کے علاقوں میں زائرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ عقیدت مند فاتحہ خوانی، دعا اور حاضری کے لیے دربار کا رخ کر رہے ہیں، جبکہ شہر میں روحانی اور عقیدتی ماحول قائم ہے۔
عرس کے موقع پر قصور میں آج مقامی تعطیل بھی ہے، جس کے باعث زائرین کی تعداد میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے عقیدت مند مذہبی عقیدت کے ساتھ تقریبات میں شریک ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب عرس کے آخری روز زائرین کی حفاظت کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ دربار اور اطراف کے علاقوں میں نگرانی کا عمل جاری ہے۔
حضرت بابا بلھے شاہؒ کے عرس کی تین روزہ تقریبات آج اختتام پذیر ہوں گی۔