انمول پنکی کی بریت کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی جانب سے تینوں مقدمات میں سنائے گئے فیصلے قانونی اصولوں کے مطابق نہیں تھے۔اپیل میں مؤقف
فائل فوٹو
کراچی: ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی تین مقدمات میں بریت کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر جنرل سندھ کی ہدایت پر ماتحت عدالت کے تینوں فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کی گئی، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ بریت کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی جانب سے تینوں مقدمات میں سنائے گئے فیصلے قانونی اصولوں کے مطابق نہیں تھے۔
درخواست کے مطابق 13 اگست کو عدالت نے مقدمات میں نامزد ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، جس کے بعد عدالت نے مقدمات کے گواہوں کو نوٹس جاری کیے، جبکہ پراسیکیوٹر کو بھی اسی روز نوٹس دیا گیا۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ عدالتی کارروائی کے بعد اسی روز شام کو ملزمان اور پراسیکیوٹر کی غیر موجودگی میں بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا گیا۔
پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ نوٹس جاری ہونے کے بعد پراسیکیوٹر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے مناسب وقت ملنا چاہیے تھا، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔
درخواست میں ماتحت عدالت کے فیصلوں کو جلد بازی اور قانونی تقاضوں کے منافی قرار دیتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ سے تینوں بریت کے فیصلے ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔