گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف نانبائیوں کا 15 ستمبر کو احتجاج کا اعلان
تندوروں کا کاروبار بنیادی طور پر گیس پر منحصر ہے، تاہم طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں
فائل فوٹو
لاہور: سوئی گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ سے پریشان نانبائیوں نے احتجاج کا اعلان کردیا۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق شہر بھر کے تندور مالکان 15 ستمبر کو ایس این جی پی ایل کے گورومانگٹ دفتر کے باہر احتجاج کریں گے۔
نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ تندوروں کا کاروبار بنیادی طور پر گیس پر منحصر ہے، تاہم طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں۔ گیس کی بار بار بندش سے تندور چلانا مشکل ہوگیا ہے اور نانبائیوں کو متبادل ایندھن کے استعمال پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ایل پی جی بھی سرکاری نرخ پر باآسانی دستیاب نہیں، جبکہ مہنگی ایل پی جی استعمال کرنے سے کاروباری اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔
نان روٹی ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ تندوروں کے لیے گیس کی لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے اور انہیں بلا تعطل گیس فراہم کی جائے۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔