حافظ نعیم الرحمان کا پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنے جاری رکھنے کا اعلان

ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں کے ذریعے عوامی مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں اور مختلف شہروں میں جاری احتجاج سے عوام میں اپنے حقوق کے حوالے سے شعور پیدا ہو رہا ہے۔

August 29, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈ یا( ایکس)

فوٹو سوشل میڈ یا( ایکس)

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پیٹرولیم لیوی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات کے حصول کے لیے دھرنا جاری رکھے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں کے ذریعے عوامی مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں اور مختلف شہروں میں جاری احتجاج سے عوام میں اپنے حقوق کے حوالے سے شعور پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو اس کا مناسب فائدہ نہیں دیا جا رہا۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی کے ذریعے عام شہریوں پر اضافی مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومتی اخراجات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ برقرار ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور میں طویل دورانیے کے دھرنے دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دھرنے کو ختم کرانے یا مظاہرین کو وہاں سے ہٹانے کی کسی بھی کوشش کی صورت میں جماعت اسلامی اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی، لاہور اور دیگر شہروں میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔