بھارتی قید میںتقریباً دو درجن پاکستانیوں کی رہائی متوقع

بھارتی حکام قیدیوں کو اٹاری بارڈر تک پہنچائیں گے، جہاں پاکستانی حکام ان کی تحویل سنبھالیں گے اور انہیں وطن واپس لایا جائے گا۔

August 29, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: بھارت میں قید تقریباً دو درجن پاکستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی متوقع ہے، جبکہ اس سلسلے میں پاکستان کی وزارت خارجہ اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارتی حکام ان پاکستانی قیدیوں کو واہگہ، اٹاری سرحد کے ذریعے پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے۔ بھارتی حکام قیدیوں کو اٹاری بارڈر تک پہنچائیں گے، جہاں پاکستانی حکام ان کی تحویل سنبھالیں گے اور انہیں وطن واپس لایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں کی رہائی اور واپسی کے لیے متعلقہ حکام مسلسل سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔ قیدیوں کی واپسی کے لیے ماضی میں بھی اٹاری، واہگہ سرحد استعمال کی جاتی رہی ہے۔

پاکستانی حکام کے مطابق بھارت میں قید پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا معاملہ سفارتی سطح پر مسلسل زیرِ بحث رہا ہے اور قیدیوں کی واپسی اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔