نیپال کے سیلاب میں پھنسے لوگوں کوہاتھی نے بچایا، وائرل وڈیوکی حقیقت سامنے آگئی

فیکٹ چیک تنظیم لیڈ اسٹوریز اور فل فیکٹ سمیت متعدد ذرائع کا تجزیہ

August 29, 2026 · امت خاص
تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

نیپال میں 26 اگست 2026 کو آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران ایک انسان کو بچاتے ہوئے ہاتھی کی وڈیو کی حقیقت سامنے آگئی۔

ویڈیو کلپ اصلی ہے اور اس میں ایک ہاتھی کو سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے انسان (اپنے مالک) کو بچاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، لیکن یہ نیپال کے حالیہ سیلاب کا منظر نہیں ہے۔ اس کے بجائے، یہ ویڈیو اس سے دو ہفتے سے زیادہ عرصہ قبل بھارت میں فلمائی گئی تھی۔

یہ دعویٰ 26 اگست 2026 کو ایکس (ٹویٹر) پر ایک پوسٹ اور ویڈیو میں سامنے آیا۔اس میں لکھا تھا: نیپال میں ہاتھی لوگوں کو بچا رہے تھے، ہم کتنی حیرت انگیز دنیا میں رہتے ہیں!

اسی ویڈیو کے دیگر ورژنز 26 اگست 2026 کو نیپال اور تبت میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے تقریباً ڈھائی ہفتے قبل، اگست 2026 کے اوائل میں آن لائن سامنے آئے تھے۔

انہی میں سے ایک ویڈیو 9 اگست 2026 کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی تھی۔ بنگالی زبان میں اس کا کیپشن کچھ یوں تھا: بھارت کی ریاست آسام میں سیلاب کے دوران ایک پالتو ہاتھی نے اپنے مالک کی جان بچا لی۔

شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام جولائی 2026 سے شروع ہونے والے مون سون کے سیلاب کی زد میں آئی تھی۔ فیکٹ چیک کرنے والی تنظیم لیڈ اسٹوریز اور فل فیکٹ سمیت متعدد ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ویڈیو نیپال میں فلیش فلڈز سے پہلے کی ہے۔