پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو عہدہ چھوڑنے کا حکم
نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل ہی ڈاکٹر عمران سکندر دفتر سے روانہ ہوگئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر کو عہدہ چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ ان سمیت 10 افسران کو ہٹانے کی سفارش سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سانحۂ پمز کی جامع تحقیقات مکمل ہونے تک ڈاکٹر عمران سکندر کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے سے دور رہنے کا کہا گیا ہے، جبکہ وزارت صحت کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل ہی ڈاکٹر عمران سکندر دفتر سے روانہ ہوگئے۔ دفتر چھوڑنے سے پہلے انہوں نے قریبی افسران اور عملے کے ارکان کے ساتھ ملاقات بھی کی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران سکندر اپنا ذاتی سامان اور بعض اہم فائلیں ساتھ لے کر دفتر سے گئے۔
پمز میں پیش آنے والے سانحے کی تحقیقات کے تناظر میں انتظامی ذمہ داریوں اور ہسپتال کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔
شاہد خان کی سربراہی میں بننے والی انکوائری کمیٹی نے ا علیٰ افسران کو غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر قصوروار قرار دے دیا۔
رپورٹ میں موجودہ قائم مقام سیکریٹری کیپٹن (ر) محمود کی سفارشات بھی شامل ہیں، جن کے مطابق پمز اسپتال غیر پیشہ وارانہ اور انتظامی ڈھانچے کے بغیر آپریشنل رہا۔
کمیٹی نے ہٹائے جانے والے افسران کی جگہ نئی پروفیشنل تعیناتیاں کرنے اور اسلام آباد کے اس سب سے بڑے سرکاری اسپتال کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے لیے ایک گورننگ بورڈ بنانے کی سفارش کی ہے۔