نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر لاہور روانہ، اہم ملاقاتیں متوقع
دونوں رہنما آج دن 11 بجے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
فائل فوٹو
نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی اسلام آباد میں اہم ملاقاتوں کے بعد لاہور روانہ ہوگئے، جبکہ قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق بھی لاہور پہنچنے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر افتخار گیلانی اور قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق کی لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ دونوں رہنما آج دن 11 بجے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومت سازی اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر میں کابینہ کی تشکیل اور حکومتی امور سے متعلق نواز شریف سے رہنمائی بھی لیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کی چین سے وطن واپسی کے بعد بیرسٹر افتخار گیلانی سے ملاقات متوقع ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں آزاد کشمیر حکومت کے آئندہ لائحہ عمل، کابینہ کی تشکیل اور حکومتی ترجیحات سمیت مختلف اہم امور پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نو منتخب وزیراعظم اور قائم مقام صدر کی لاہور میں ہونے والی ملاقاتیں آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہیں۔