بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق افواہیں جھوٹ ہیں، خواجہ آصف

ان کی بہن اور ذاتی ڈاکٹر کی جانب سے اطمینان بخش بیان صورتحال واضح کرنے کے لیے کافی ہے۔

August 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہن اور ذاتی ڈاکٹر کی جانب سے اطمینان بخش بیان صورتحال واضح کرنے کے لیے کافی ہے۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نے پریس کانفرنس میں ان کی صحت کو بہتر قرار دیا، جس کے بعد ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیرون ملک موجود حامی ان اطمینان بخش بیانات سے خوش نہیں ہوئے اور وہ ملک میں مایوسی اور بے چینی کی فضا برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

وزیر دفاع کے مطابق اس صورتحال کا مقصد احتجاج کو تقویت دینا اور بانی پی ٹی آئی کی واپسی کے لیے ملک میں سیاسی بحران پیدا کرکے حکومت کی تبدیلی کی راہ ہموار کرنا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی واپسی سے متعلق بعض حلقوں کی امیدیں پوری نہیں ہوئیں، جس کے بعد غیر ملکی میڈیا کے ذریعے ان کی صحت کے بارے میں تشویش پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت انتہائی خراب ہونے سے متعلق دعوے حقیقت پر مبنی نہیں اور یہ ایک ایسی بات ہے جس کی بعض افراد کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ضرورت ہے۔