صدر زرداری بلاول بھٹو کا رشتہ لے کر یورپی ملک لیختن شٹائن پہنچ گئے

آصف علی زرداری کے ہمراہ خاندان کے دیگر افراد بھی موجود ہیں اور ان کے دورے کا مقصد بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق معاملات اور تاریخ طے کرنا ہے۔

August 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق ایک نیا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری مبینہ طور پر اپنے بیٹے کے رشتے کے سلسلے میں یورپی ملک لیختن شٹائن گئے ہیں۔

ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ آصف علی زرداری کے ہمراہ خاندان کے دیگر افراد بھی موجود ہیں اور ان کے دورے کا مقصد بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق معاملات اور تاریخ طے کرنا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ممکنہ دلہن کا تعلق لیختن شٹائن کے دارالحکومت وادوز سے ہے، جبکہ شادی کی تقریب رواں سال کے اختتام تک منعقد ہونے کا امکان ہے۔

لیختن شٹائن مغربی یورپ میں سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ایک چھوٹی خودمختار ریاست ہے، جس کا دارالحکومت وادوز ہے۔

تاہم بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب میئر کراچی اور پیپلزپارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب پہلے ہی بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق زیرِ گردش خبروں کو مسترد کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق خبریں درست نہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔

یوں بلاول بھٹو زرداری کی شادی سے متعلق نئے دعوے اور ان کی تردید ایک بار پھر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گئی ہے۔