آزاد کشمیر کے راستے اور انٹرنیٹ جلد بحال کریں گے،افتخار گیلانی

حکومت کاروباری سرگرمیوں کی بحالی اور حالیہ احتجاج کے باعث ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی پالیسی تیار کررہی ہے۔

August 30, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفرآباد: نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس اور داخلی و خارجی راستوں پر عائد پابندیاں آئندہ ایک سے دو روز میں ختم کردی جائیں گی۔

مظفرآباد میں مرکزی ایوان صحافت کے پہلے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کی بحالی اور حالیہ احتجاج کے باعث ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی پالیسی تیار کررہی ہے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ بالخصوص میرپور میں انٹرنیٹ کی بندش اور احتجاج کے نتیجے میں کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، حکومت ان مسائل کے حل اور متاثرہ کاروباری افراد کی مدد کے لیے اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی بھی شامل ہے۔ ان کے مطابق انٹرنیٹ اور دیگر حالات کے باعث بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی، جس کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیحات میں ہوگا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ آزاد جموں و کشمیر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ملانے والے راستوں پر موجود پابندیاں ایک سے دو روز میں ختم کردی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایک یا دو روز میں آمدورفت کے حوالے سے کسی قسم کی رکاوٹ باقی نہیں رہے گی اور داخلی و خارجی راستے معمول کے مطابق کھول دیے جائیں گے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ ان کی حکومت تمام سیاسی قوتوں اور ریاست کے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کرے گی تاکہ آزاد کشمیر کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور ریاست میں ایسا کوئی اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے اختلافات کو فروغ ملے یا دنیا کے سامنے تقسیم کا تاثر جائے۔

اس سے قبل نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کو فراہم کی جانے والی گرین الیکٹرک بسوں کے ٹرمینل کا دورہ بھی کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی آج لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔