دادو کے کچے میں دو گروہوں میں فائرنگ، 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی

دونوں گروہوں کے درمیان زمین کے تنازع پر پہلے سے اختلافات چل رہے تھے

August 30, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا فیس بک

فوٹو سوشل میڈیا فیس بک

دادو: دادو کے کچے کے علاقے گوٹھ دانو چانڈیو میں دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان زمین کے تنازع پر پہلے سے اختلافات چل رہے تھے۔ راستہ بنانے کے معاملے پر تلخ کلامی کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہوگئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے میں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے اقدامات شروع کردیئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گوٹھ دانو چانڈیو میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ صوبے میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔