راولپنڈی میں بارش کا پانی چند گھنٹوں میں کلیئر ہوجائے گا:عظمیٰ بخاری
ریسکیو، واسا، پیرا فورس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار امدادی سرگرمیوں کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں
فائل فوٹو
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ہونے والی شدید بارش اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود نگرانی کر رہی ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ریسکیو، واسا، پیرا فورس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار امدادی سرگرمیوں کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں اور صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں واسا سمیت متعلقہ اداروں کے پاس بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے تمام ضروری وسائل دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں جمع پانی کی نکاسی کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ متعلقہ اداروں کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں کام کر رہی ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے بارش کا پانی کلیئر کردیا جائے گا۔