ہنگو: ہسپتال کی جگہ پر دو گروپ آمنے سامنے،فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق
فائرنگ کا واقعہ ہنگو کے علاقے ٹل میں پیش آیا، جہاں بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) کی تعمیر کے لیے مختص جگہ پر دو گروپوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔
فائل فوٹو
ہنگو: ہسپتال کی تعمیر کے مقام پر اختلاف نے سنگین شکل اختیار کرلی، ٹل کے علاقے میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہنگو کے علاقے ٹل میں پیش آیا، جہاں بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) کی تعمیر کے لیے مختص جگہ پر دو گروپوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں فریق چاہتے تھے کہ چھپری وزیران میں تعمیر ہونے والا بی ایچ یو ہسپتال ان کے علاقے میں قائم کیا جائے، تاہم جگہ کے معاملے پر اختلاف شدت اختیار کرنے کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہوگئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی یا بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد صورتحال پر قابو پانے اور مزید کسی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ فائرنگ کے واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔