ہری پور میں بیوی اورچار بچے تین ماہ سےلاپتہ،شوہر کا سالوں پر اغوا کاالزام

تین ماہ سے بیوی اور چار بچوں کی گمشدگی،شوہر کا پولیس سے فوری بازیابی کا مطالبہ

September 1, 2026 · قومی

فائل فوٹو

ہری پور: خان پور پہاڑ کے علاقے سنگریڑی کے رہائشی محمد مہربان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیوی اور چار بچے تین ماہ سے لاپتہ ہیں اور تاحال ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

ہری پور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد مہربان ولد محمد صادق نے بتایا کہ ان کی بیوی مسماۃ فریدہ بی بی دختر عبدالعزیز، 15 سالہ بیٹی سمیرا، 13 سالہ بیٹا مبشر، 7 سالہ بیٹا نعمان اور 4 سالہ بیٹا مصطفیٰ عید قربان کی رات گھر سے نکلے، جس کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

محمد مہربان نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیوی اور بچوں کو لاپتہ کرنے میں ان کے سالے ملوث ہیں۔ ان کے مطابق عبدالحمید، ظہیر اور نصیر پسران عبدالعزیز پانچ کنال زمین کا انتقام لینے کے لیے ان کے بچوں کو غائب کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ تین ماہ سے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور پولیس کو بھی اپنے سالوں کے ملوث ہونے سے آگاہ کیا، تاہم پولیس نے ان سے پوچھ گچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا۔

محمد مہربان کے مطابق عید کے روز ان کی بیوی تین مرتبہ اپنے بھائیوں کے پاس گئی جبکہ ان کے سسر نے اسے 10 ہزار روپے بھی دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیوی گھر سے 35 ہزار روپے، زیورات اور سودا سلف بھی لے کر غائب ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ انتہائی غریب شخص ہیں اور گزشتہ تین ماہ سے اپنی بیوی اور بچوں کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، تاہم ابھی تک ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

محمد مہربان نے کہا کہ تھانے کے چکر لگا لگا کر وہ تھک چکے ہیں لیکن ماں اور بچوں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔ ان کے مطابق پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔

محمد مہربان اپنی روداد سناتے ہوئے روپڑے اور پولیس کی اعلیٰ انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور اور ڈی ایس پی سرکل خان پور سے مطالبہ کیا کہ کیس کا فوری نوٹس لے کر ان کی بیوی اور معصوم بچوں کو بازیاب کرایا جائے، انہیں تلاش کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔