جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش،تمام ادارے ہائی الرٹ
سیدپور اور پی ایم ڈی کے علاقوں میں 43، 43 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 12، گولڑہ میں 5، پیرودھائی میں 4 جبکہ شمس آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز بارش کے بعد انتظامیہ نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے، جبکہ راولپنڈی میں باقاعدہ رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیدپور اور پی ایم ڈی کے علاقوں میں 43، 43 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 12، گولڑہ میں 5، پیرودھائی میں 4 جبکہ شمس آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے امدادی اور متعلقہ سروسز فراہم کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
واسا حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح پر مسلسل نگرانی جاری ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ تقریباً 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 3 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نشیبی علاقوں میں عملہ اور بھاری مشینری تعینات کردی گئی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری امدادی کارروائیاں شروع کی جاسکیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارشوں کے باعث حادثات پیش آئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں اب تک 9 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 5 گھروں کو جزوی جبکہ 4 کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو بارشوں کے دوران صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔