میر رضا قتل کیس، پولیس افسران، ٹیکسی ڈرائیور اور کاروباری شراکت دار طلب

تمام طلب کیے گئے افراد کو مقررہ تاریخ پر جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

September 2, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں قائم جوڈیشل کمیشن نے پولیس افسران سمیت آن لائن ٹیکسی ڈرائیور، مقتول کے کاروباری شراکت داروں اور دوستوں کو طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے ایس ڈی پی او شاہراہ فیصل اور ایس ایچ او فیروز آباد کو سمن جاری کرتے ہوئے 3 ستمبر کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

کمیشن کی جانب سے بائیکا ڈرائیور احسان کو بھی طلب کیا گیا ہے، جبکہ میر رضا کے کاروباری شراکت دار محمد احمد اور عبداللہ بھردے کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مقتول کے دوست رازق اور حثیم کو بھی سمن جاری کیے گئے ہیں۔ تمام طلب کیے گئے افراد کو مقررہ تاریخ پر جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے دوران جوڈیشل کمیشن اب تک مقتول کے اہلخانہ، نرسری کے ملازمین اور ابتدائی طور پر پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر سمیت دیگر افراد کے بیانات ریکارڈ کرچکا ہے۔

کمیشن کی جانب سے مختلف افراد کے بیانات ریکارڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کا مقصد واقعے سے متعلق حقائق اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینا ہے۔