لاہورمیں دھواں چھوڑنے والی سرکاری محکموں کی تمام گاڑیاں بند کرنے کافیصلہ

کچرا اور پلاسٹک جلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے

September 2, 2026 · قومی

فائل فوٹو

پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں کی دھواں چھوڑنے اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں  کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں آلودگی اور چاول کی فصل کی کٹائی سے پہلے 10 ہزار سوپر سیڈرز کسانوں کو فراہم کیے جانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سرکاری محکموں کی دھواں چھوڑنے، آلودگی پھیلانے والی گاڑیاں بند کرنے، فصلوں کی باقیات جلانے، آلودگی پھیلانے والے کارخانوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے والوں کو بھاری جرمانے، ویسٹ برننگ میں ملوث ستھرا پنجاب کی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرنے اور کچرا جلانے میں ملوث ملازمین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید برآں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کچرا جلانے اور آلودگی پھیلانے والوں کی مانیٹرنگ اور باربی کیو، فوڈ اسٹریٹس میں ماحولیاتی تحفظ کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے سمیت ماحولیاتی تحفظ کے ایس او پیزکی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورینٹ سیل کرنے فیصلہ کیا گیا ہے۔