اداکارہ مومنہ اقبال ہراسانی کیس میں لیگی رہنما ثاقب چدھڑ بے قصور قرار

عبوری ضمانت واپس لے لی - اہلیہ کو بھی بے قصور قرار دے دیا گیا

September 3, 2026 · کائنات کے رنگ
مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ

مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ

 

معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

کیس کی تفتیش کیلئے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کو بے قصور قرار دے دیا ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق فی الحال دونوں کی گرفتاری درکار نہیں۔

تفتیشی افسر کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ثاقب چدھڑ نے عدالت سے اپنی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لے لی۔

مقدمے میں ثاقب چدھڑ پر مبینہ طور پر مومنہ اقبال سے اپنے دیے گئے تحائف واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالنے اور ان کے منگیتر کو دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

دوسری جانب مومنہ اقبال کے وکیل نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تفتیش پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے کے تفتیشی افسر نے مدعیہ کو اطلاع دیے بغیر مقدمے کی تفتیش تبدیل کرکے نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔

وکیل مومنہ اقبال کے مطابق نئے تفتیشی افسر نے مکمل تحقیقات کیے بغیر ہی ملزمان کو کلیئر کردیا، جس پر انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

کیس کی تفتیش کے دوران مومنہ اقبال کی شادی بھی ہوگئی۔ مقدمے میں سامنے آنے والے الزامات اور فریقین کے مؤقف کے حوالے سے مزید قانونی پیش رفت کا انتظار ہے۔