4 اور 5 ستمبر کو مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، پنجاب میں ہائی الرٹ
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے تمام متعلقہ محکموں کو بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت
فائل فوٹو
راولپنڈی: محکمہ موسمیات کی جانب سے 4 اور 5 ستمبر کو مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر نے تمام متعلقہ محکموں کو بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ والدین کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو بارش کے دوران گھروں سے باہر نہ جانے دیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر شہری بھی خصوصی احتیاط کریں۔ نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے واسا کو مکمل طور پر الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ ادارے بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں آج موسم مجموعی طور پر صاف رہنے کا امکان ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے شام کے اوقات میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں ہوا کی رفتار تقریباً 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ نمی کا تناسب 73 فیصد رہا۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی میں محکمہ موسمیات کے مطابق موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آج بوندا باندی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ جنوب مغربی سمت سے تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کی فضائی کیفیت تسلی بخش ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دن بھر موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں تقریباً 2 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں دن کے دوران تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔