شیخ زید اسپتال رحیم یار خان کے آپریشن تھیٹر میں آگ لگ گئی
آپریشن تھیٹر میں آگ مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس کے بعد اسپتال کے مختلف حصوں میں دھواں پھیل گیا۔
فوٹو سوشل میڈیا (فیس بک)
رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن تھیٹر میں آگ مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس کے بعد اسپتال کے مختلف حصوں میں دھواں پھیل گیا۔ واقعے کے وقت آپریشن تھیٹر میں موجود مریضوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق امدادی ٹیمیں اطلاع ملنے کے تقریباً 2 منٹ میں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ فائر ٹینڈر کی مدد سے تقریباً 10 منٹ میں آگ پر قابو پالیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق بروقت اقدامات کی وجہ سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔ ترجمان ڈاکٹر الیاس نے بتایا کہ واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ نے نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان کو موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔
ضلعی انتظامیہ اور اسپتال حکام کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات، فائر سیفٹی انتظامات اور واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے پمز اور لاہور کے جنرل اسپتال میں آتشزدگی کے واقعات کے بعد رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال میں آگ لگنے کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔