ُپنجاب کےاسکولوں میں نیا مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ،نہ پڑھنے والوں کو نقصان ہوگا
100 نمبروں کا مضمون اگلے تعلیمی سال سے چوتھی تا آٹھویں جماعت میں شامل ہوگا
فائل فوٹو
پنجاب کے اسکولوں میں نیا مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا، 100 نمبروں پر مشتمل گلوبل سٹیزن شپ کا مضمون اگلے تعلیمی سال سے چوتھی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے نصاب میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ مضمون یونیسف کے تعاون سے اگلے تعلیمی سال سے نصاب میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نئے مضمون کے ذریعے طلبہ کو عالمی سطح پر بین الاقوامی شہریت، ان کے حقوق اور ذمہ داریوں اور ذمہ دار شہری بننے کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔
مضمون چوتھی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے مضمون کے اجرا کے حوالے سے یونیسف کے ساتھ مشاورت پہلے ہی شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیسف کتابوں اور متعلقہ تعلیمی مواد کی پرنٹنگ کے لیے تمام اخراجات بھی فراہم کرسکتا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق گلوبل سٹیزن شپ کی تعلیم سے طلبہ کی وسیع دنیا کے بارے میں سمجھ میں بہتری آئے گی اور انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنے کردار اور ذمہ داریوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔
محکمہ تعلیم نے مزید کہا کہ نیا مضمون طلبہ کو عالمی شہریت کے تقاضے زیادہ مؤثر انداز میں پورے کرنے میں مدد دے گا۔