اسلام آباد: صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے سیاسی قائدین نے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) صوبہ ہزارہ کے قیام کے مطالبے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبہ ہزارہ وقت کی ضرورت اور ہزارہ کے عوام کی آواز ہے، جبکہ اس کا مطالبہ کسی ایک فرد یا جماعت کا نہیں بلکہ ہزارہ کے عوام کی دیرینہ خواہش ہے۔
دوسری جانب حویلیاں میں صوبہ ہزارہ کے قیام کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں صوبہ ہزارہ تحریک اور تحریک صوبہ ہزارہ نے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو متحد کرنے اور مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ ہزارہ کے عوام صوبہ ہزارہ کے قیام کے مطالبے پر متفق ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
علاوہ ازیں سردار گوہر زمان نے کہا کہ بابا حیدر زمان مرحوم کی صوبہ ہزارہ کے لیے جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔
مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ بابا حیدر زمان نے صوبہ ہزارہ تحریک کو مضبوط بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا، صوبہ ہزارہ کے مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی ضرورت ہے۔
مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے ماضی میں بھی بھرپور جدوجہد کی گئی ہے، اب اس جدوجہد کو مزید آگے بڑھانے کے لیے سیاسی قیادت پرعزم ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔