وزیر داخلہ سندھ کے تھانوں پر اچانک چھاپے،وردی کے بغیر اہلکار معطل
پولیس کی بنیادی ذمہ داری عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ کے تھانوں پر اچانک چھاپے،وردی کے بغیر اہلکار معطل
کراچی:وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا، جہاں وردی کے بغیر ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔
وزیر داخلہ سندھ نے اپنے دورے کا آغاز فیروز آباد تھانے سے کیا۔ اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران ضیاء الحسن لنجار نے تھانے میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور شکایات سنیں۔ انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو شہریوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ نے مختلف مقدمات میں گرفتار افراد سے بھی پولیس کے رویے اور دیگر معاملات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور افسران کو ہدایت کی کہ زیرحراست افراد کے ساتھ قانون کے مطابق برتاؤ یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ وہ آئندہ بھی تھانوں کے اچانک دورے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اہلکاروں کو لازمی طور پر وردی پہن کر ڈیوٹی انجام دینا ہوگی۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔