لاہور میں پتنگ بازی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 12 ملزمان گرفتار

گرفتار افراد کے قبضے سے 700 رنگ برنگی پتنگیں، 113 چرخیوں میں موجود کیمیکل ڈور اور دیگر سامان برآمد

September 11, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پتنگ بازی اور پتنگوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، شیراکوٹ اور وحدت کالونی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 700 رنگ برنگی پتنگیں، 113 چرخیوں میں موجود کیمیکل ڈور اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی گئی ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ پتنگ بازی کے ذریعے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پتنگ کی ڈور کسی بھی خاندان کے لیے بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

دوسری جانب ایس پی اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ حکومتی اجازت کے مطابق پتنگ بازی صرف بسنت کے تہوار کے موقع پر کی جاسکے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔