قائداعظم کی جدوجہد قومی تاریخ کا روشن باب ہے:محسن نقوی
قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح نظریہ، سیاسی شعور اور آزاد ریاست کے حصول کی منزل دی۔
فائل فوٹو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان کی جدوجہد آزادی ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح نظریہ، سیاسی شعور اور آزاد ریاست کے حصول کی منزل دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی بے مثال قیادت کے ذریعے مسلمانوں کو غلامی سے نجات دلانے اور ایک خودمختار وطن کے قیام کی راہ ہموار کی۔ ان کی قیادت میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق قائداعظم کی شخصیت بلند کردار، سچائی اور اصول پسندی کا مثالی نمونہ تھی۔ بیماری اور کمزوری کے باوجود انہوں نے غیر معمولی عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور قوم کو آزادی کی منزل تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم اقلیتوں کے حقوق کے بھی بڑے علمبردار تھے اور ریاست کو عوام کی امانت سمجھتے تھے۔ محسن نقوی کے مطابق ایمان، اتحاد اور تنظیم قائداعظم کی بنیادی تعلیمات ہیں اور یہی پاکستان کی قومی روح کی بنیاد ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ قوم کو بانی پاکستان کے نظریات اور تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔
دوسری جانب محسن نقوی نے ضلع کرم میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار قوم کا فخر ہیں اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔