قائداعظم کا یوم وفات،گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار پر حاضری
صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور ایڈیشنل آئی جی سمیت دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
فائل فوٹو
کراچی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی۔
گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور قائداعظم محمد علی جناح کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور ایڈیشنل آئی جی سمیت دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ قائداعظم کے یوم وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار پر حاضر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان نے ذاتی آرام، سکون اور مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک کے لیے اپنی زندگی وقف کی۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ قائداعظم نے قوم کو ایسے رہنما اصول دیے جن پر عمل کرکے پاکستان کو مضبوط اور مستحکم ریاست بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو متحد رکھنا اور اسے دنیا کے لیے ایک مثال بنانا قومی ذمہ داری ہے۔
گورنر سندھ کے مطابق پاکستان کے آئینی اور جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظم کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ان کے اصولوں پر عمل کیا جائے۔
دھرنوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ احتجاج اور دھرنا دینا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم اس بات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے کہ احتجاج کے باعث مریضوں، عام شہریوں اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بھی چاہتی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، تاہم عالمی حالات کے اثرات ملک پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔