سوراب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے لیے گرینڈ کھلی کچہری
کھلی کچہری میں اساتذہ، طالبات اور بڑی تعداد میں خواتین شریک ہوئیں ۔اپنے مسائل براہ راست ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔
سوراب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے لیے گرینڈ کھلی کچہری ( فوٹو سوشل میڈیا فیس بک)
بلوچستان کے ضلع سوراب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے گرینڈ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ نے کی۔
کھلی کچہری میں ایف سی بلوچستان 61 ونگ کے کمانڈر کرنل سید فخر رفیق طلحہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلمان علی بلیدی، اسسٹنٹ کمشنر اکبر علی، ڈی ایس پی بلاول سمیت مختلف ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں اساتذہ، طالبات اور بڑی تعداد میں خواتین شریک ہوئیں اور انہوں نے اپنے مسائل براہ راست ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔ خواتین نے بجلی اور گیس کی فراہمی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، بینظیر انکم نشوونما پروگرام، تعلیم اور صحت سمیت مختلف بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل اجاگر کیے۔
شرکا کی جانب سے سوراب میں فیملی پارک، پبلک لائبریری اور شاپنگ سینٹر کے قیام کے مطالبات بھی سامنے رکھے گئے۔ اس کے علاوہ نادرا سے متعلق مشکلات، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر عوامی مسائل پر بھی انتظامیہ کی توجہ مبذول کرائی گئی۔
ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے خواتین کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں اور متعلقہ محکموں کے افسران کو درخواستوں پر فوری کارروائی کرنے اور مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواتین کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا ازالہ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور خواتین کی شکایات اور تجاویز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سوراب کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔