ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے مگرمچھ کا خشک سر برآمد
مگرمچھ کے سر کو اس انداز میں پیک کیا گیا تھا کہ ممکنہ طور پر سیکیورٹی اور کسٹمز کی جانچ سے بچایا جاسکے، تاہم سرحدی اہلکاروں نے اسے قبضے میں لے لیا۔
فائل فوٹو
اٹلی کے شہر ٹورین کے کاسیلی ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے مگرمچھ کا خشک کیا ہوا سر برآمد ہونے پر حکام نے کارروائی شروع کردی۔
اطالوی مالیاتی پولیس کے مطابق مسافر میامی سے استنبول کے راستے ٹورین پہنچا تھا۔ ایئرپورٹ پر سامان کی تلاشی کے دوران حکام کو براؤن کاغذ میں لپٹی ہوئی ایک مشکوک چیز ملی، جس کی جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ وہ مگرمچھ کا خشک کیا ہوا سر ہے۔
حکام کے مطابق مگرمچھ کے سر کو اس انداز میں پیک کیا گیا تھا کہ ممکنہ طور پر سیکیورٹی اور کسٹمز کی جانچ سے بچایا جاسکے، تاہم سرحدی اہلکاروں نے اسے قبضے میں لے لیا۔
پولیس نے مسافر کے خلاف محفوظ جنگلی حیات کی غیرقانونی نقل و حمل کے شبہے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق مگرمچھ ان جانوروں میں شامل ہے جن کی بین الاقوامی تجارت کو جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق واشنگٹن کنونشن کے تحت ضابطوں کا پابند بنایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مگرمچھ کا سر اٹلی میں مطلوبہ سرٹیفکیٹ یا اجازت نامے کے بغیر لایا گیا تھا۔ اگر تحقیقات میں مسافر پر جرم ثابت ہوگیا تو اسے 20 ہزار سے 2 لاکھ یورو تک جرمانے کے علاوہ 6 ماہ سے ایک سال تک قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔
اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ ملک غیرقانونی جنگلی حیات کی تجارت کے لیے ایک اہم ٹرانزٹ مقام کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے۔ بعض سیاح نایاب جانوروں یا ان کے حصوں کو یادگاری اشیا سمجھ کر خرید لیتے ہیں اور بعد میں انہیں بیرون ملک لے جاتے ہوئے قانون کی گرفت میں آجاتے ہیں۔