کراچی میں پولیس طرز کی وردی پہننے والے 6 سیکیورٹی گارڈز گرفتار
گرفتار افراد نے پولیس طرز کی وردی پہن رکھی تھی اور گاڑی میں اسلحہ لے کر گھوم رہے تھے۔
فائل فوٹو
کراچی میں پولیس سے مشابہہ وردی پہننے اور سرعام اسلحہ کی نمائش کرنے والے 6 نجی سیکیورٹی گارڈز کو گرفتار کرلیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی ہدایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ویگو گاڑی میں سوار سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد نے پولیس طرز کی وردی پہن رکھی تھی اور گاڑی میں اسلحہ لے کر گھوم رہے تھے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کسی کو بھی غیر قانونی طور پر پولیس سے مشابہہ وردی میں گارڈز رکھنے یا اسلحے کی سرعام نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی جاری ہے۔