بچوں کا ب فارم بنوانے گیا شہری نادرا ریکارڈ میں فوت شدہ نکلا

پہلے اپنے زندہ ہونے کا ثبوت پیش کریں، اس کے بعد بچوں کے ب فارم سے متعلق کارروائی ممکن ہوگی۔

September 11, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

رحیم یار خان کے علاقے صادق آباد میں ایک شہری اس وقت حیران رہ گیا جب نادرا کے ریکارڈ میں اسے زندہ ہونے کے باوجود فوت شدہ قرار دیا گیا۔

گاؤں لاکڑ والی، چک نمبر 5 این پی کے رہائشی فلک شیر اپنے بچوں کے ب فارم بنوانے کے لیے متعلقہ دفتر پہنچے، جہاں انہیں معلوم ہوا کہ نادرا کے ریکارڈ میں ان کا اسٹیٹس فوت شدہ درج ہے۔

شہری کے مطابق اس معاملے کی تصدیق کے لیے جب وہ یونین کونسل گئے تو وہاں بھی ریکارڈ میں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ نادرا حکام کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ پہلے اپنے زندہ ہونے کا ثبوت پیش کریں، اس کے بعد بچوں کے ب فارم سے متعلق کارروائی ممکن ہوگی۔

فلک شیر کا کہنا ہے کہ وہ مسئلہ حل کرانے کے لیے مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگا کر تھک چکے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ ریکارڈ میں خود کو زندہ کیسے ثابت کریں۔

متاثرہ شہری نے شکوہ کیا کہ وہ حقیقت میں زندہ ہیں، مگر سرکاری ریکارڈ انہیں مردہ قرار دے رہا ہے، جس کے باعث وہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔