پاکستان میں اتحاد کے بجائے تقسیم کی بات ہو رہی ہے، مراد علی شاہ

ہر شخص کو اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے، تاہم آج کل ہر کوئی خود کو آئینی ماہر سمجھ رہا ہے

September 11, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا( ایکس)

فوٹو سوشل میڈیا( ایکس)

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے بجائے تقسیم کی باتیں کی جارہی ہیں، جبکہ اہم معاملات پر باہمی مشاورت سے فیصلے ہونے چاہئیں۔

مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے، تاہم آج کل ہر کوئی خود کو آئینی ماہر سمجھ رہا ہے اور انتظامی یونٹس سے متعلق نئی اصطلاحات زیر بحث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزنس فورمز اور مختلف پلیٹ فارمز پر طویل بحث ہوتی ہے، لیکن جمہوری نظام میں اصل اہمیت عوام کی رائے کی ہے، جس کا اظہار وہ اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے اسمبلیوں میں کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کی صوبائی اسمبلی نے صوبے کی تقسیم کے معاملے پر اپنا مؤقف واضح کردیا ہے۔ اگر کسی دوسرے صوبے کے عوام تقسیم چاہتے ہیں تو اس بارے میں فیصلہ متعلقہ صوبائی اسمبلی کے ذریعے ہونا چاہیے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ملک کے نظام کے تباہ ہونے کی باتیں کی گئیں، لیکن بعد میں وہی لوگ اسی نظام میں سرگرم نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین پر عملدرآمد ضروری ہے اور ملک میں دوہرے نظام کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ سندھ اور کراچی کو مختلف مسائل کا سامنا ہے اور ان میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اصل سوال یہ ہے کہ حکومت مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہے یا نہیں، جس کا فیصلہ عوام اپنے ووٹ کے ذریعے کرتے ہیں۔