9 مئی کیسز، 4 ہزار سے زائد نامعلوم ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

مختلف مقدمات سے متعلق واقعات کی فوٹیجز سیف سٹی کیمروں کے ریکارڈ میں موجود ہیں،ان کی مدد سے شناخت کی جائے گی۔پولیس حکام

September 11, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

9 مئی اور توڑ پھوڑ سے متعلق مقدمات میں نامزد نہ ہونے والے 4 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے پولیس نے کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مقدمات میں شامل نامعلوم ملزمان کی تلاش اور شناخت کا عمل مزید تیز کیا جائے اور شناخت مکمل ہونے کے بعد قانون کے مطابق گرفتاری کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پولیس حکام کے مطابق مختلف مقدمات سے متعلق واقعات کی فوٹیجز سیف سٹی کیمروں کے ریکارڈ میں موجود ہیں۔ ان فوٹیجز کی مدد سے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث افراد کی شناخت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمروں سے حاصل ہونے والی ویڈیوز میں موجود افراد کے چہروں کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد شناخت ہونے والے افراد کے خلاف مقدمات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

پولیس حکام نے متعلقہ افسران کو نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاریوں کے حوالے سے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔