جماعت اسلامی کی ہڑتال، ہنگامہ آرائی کیس میں 6 ملزمان کی ضمانت منظور

ملزمان صبح ساڑھے 6 بجے مبینہ طور پر دکانیں بند کرانے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ متعلقہ کاروباری مراکز میں دکانیں عام طور پر صبح 9 بجے کے بعد کھلتی ہیں۔

September 11, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جماعت اسلامی کی ہڑتال کے دوران مبینہ ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار 6 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے تمام ملزمان کو 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ مقدمے کے مطابق ملزمان صبح ساڑھے 6 بجے مبینہ طور پر دکانیں بند کرانے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ متعلقہ کاروباری مراکز میں دکانیں عام طور پر صبح 9 بجے کے بعد کھلتی ہیں۔

عدالت کے مطابق تفتیشی افسر نے دکانداروں کے بیانات قلمبند نہیں کیے اور ایف آئی آر سمیت دیگر دستاویزات میں بھی دکانداروں کی شناخت موجود نہیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جلائی گئی موٹر سائیکلوں کے مالکان کے بیانات بھی تفتیش کا حصہ نہیں بنائے گئے۔ عدالت کے مطابق ملزمان کے خلاف مبینہ جرم کے حوالے سے کوئی مخصوص عینی شاہد سامنے نہیں آیا جبکہ مقدمے میں ہر ملزم کا واضح اور مخصوص کردار بھی بیان نہیں کیا گیا۔

عدالت نے ان نکات کی بنیاد پر 6 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ زمان ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔