میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسی، مسلح افواج کا خراجِ عقیدت
1965 کی جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر کے دفاع میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا
فائل فوٹو
راولپنڈی: پاکستان کی مسلح افواج نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی 61ویں برسیِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف اور جنرل سید عامر رضا، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے میجر عزیز بھٹی شہید کی بے مثال بہادری، قیادت اور عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 1965 کی جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر کے دفاع میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ وہ دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود پانچ دن اور راتوں تک اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہے۔
بیان میں کہا گیا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی قیادت اور مضبوط عزم نے دشمن کی پیش قدمی روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور وہ جرات، فرض شناسی اور قربانی کی لازوال علامت بن گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی بے لوث فرض شناسی اور عظیم قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
مسلح افواج نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے اسی جذبۂ جرات، عزم اور قربانی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھی جائیں گی۔