پٹرول مہنگا ہونے پر لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پاکستان میں ڈیزل کی قیمت بنگلہ دیش کے مقابلے میں تقریباً 140 روپے جبکہ بھارت کے مقابلے میں تقریباً 122 روپے زیادہ ہے۔درخواست گزار

September 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا ہے۔ جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی جانب سے عدالت میں متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 7 سے 11 ستمبر کے دوران پٹرول کی قیمت میں 29 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ اسی عرصے میں ڈیزل کی قیمت 25 روپے 27 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی اور اس کی قیمت 400 روپے فی لیٹر سے بھی تجاوز کرگئی۔

درخواست گزار کے مطابق پاکستان میں ڈیزل کی قیمت بنگلہ دیش کے مقابلے میں تقریباً 140 روپے جبکہ بھارت کے مقابلے میں تقریباً 122 روپے زیادہ ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے براہ راست اثرات ٹرانسپورٹ، زراعت اور روزمرہ استعمال کی اشیا پر پڑ رہے ہیں، جبکہ ایندھن مہنگا ہونے سے تنخواہ دار اور کم آمدن والے طبقات پر اضافی مالی بوجھ بڑھ رہا ہے۔

درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد پٹرولیم لیوی، ٹیکس، تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے منافع سے متعلق ریکارڈ عدالت میں طلب کیا جائے۔

درخواست گزار نے عدالت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کیلئے اختیار کیے جانے والے طریقہ کار کی تفصیلات بھی طلب کرنے کی استدعا کی ہے۔