انصاف کی فراہمی میں تاخیر برداشت نہیں،چیف جسٹس

ضلعی عدالتیں پورے نظام انصاف میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں اور انہیں مضبوط بنانا ضروری ہے۔

September 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی ایک بنیادی ضرورت ہے، اس مقصد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے نوجوان ججز پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بہتر انداز میں انجام دیتے ہوئے انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی عدالتیں پورے نظام انصاف میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں اور انہیں مضبوط بنانا ضروری ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹس کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ ضلعی عدالتوں کو درکار ضروریات کی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جاسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جامع اور مؤثر نظام انصاف کیلئے عدلیہ کی ضروری ضروریات پوری کی جائیں گی۔ عدالتی ضابطہ اخلاق میں بھی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ ججز اور عدالتی عملے کو ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے چاہئیں۔

چیف جسٹس نے بتایا کہ ملک کی مختلف عدالتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ عدلیہ کو بہتر انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے کے ساتھ عدالتوں میں برقی کتب خانوں کی سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کام جاری ہے۔ خواتین اور بچوں کیلئے سہولت مراکز کے قیام پر بھی پیش رفت ہورہی ہے، جبکہ تھرپارکر کی تحصیل نگرپارکر میں شمسی توانائی سمیت بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔