پی ٹی آئی مارچ سے قبل 100 سے زائد کارکنان گرفتار

نظر بندی کے احکامات ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر جاری کیے گئے۔

September 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کے اعلان کے بعد 100 سے زائد سرگرم کارکنان کو نظر بند کردیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن سے مجموعی طور پر 106 پی ٹی آئی کارکنان کو 30 روز کے لیے اڈیالہ جیل میں نظر بند کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نظر بندی کے احکامات ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر جاری کیے گئے۔

کارکنان کی نظر بندی کے لیے تین ایم پی او کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی سے 31، اٹک سے 35، چکوال سے 23، جہلم سے 13 جبکہ واہ کینٹ سے 4 پی ٹی آئی کارکنان کو نظر بند کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کررکھا ہے۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا تھا کہ پارٹی کارکنان خیبرپختونخوا سے پرامن انداز میں اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر شہروں سے آنے والے افراد اسلام آباد کا رخ کرنے کے بجائے اپنے اپنے شہروں میں احتجاج کریں گے، جبکہ خیبرپختونخوا سے متصل علاقوں کے کارکنان اسلام آباد مارچ میں شریک ہوں گے۔

شفیع جان نے مزید کہا تھا کہ پی ٹی آئی موجودہ نظام کے خلاف بھرپور جدوجہد کے لیے اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی اور اس مقصد کے لیے پوری طاقت استعمال کی جائے گی۔

یوں 27 ستمبر کے احتجاج اور مارچ سے قبل راولپنڈی ڈویژن میں پی ٹی آئی کارکنان کی نظر بندی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔