میر رضا قتل کیس،پولیس چالان میں بزنس پارٹنر اور وینڈر کے نام غائب
احمد اور عبداللہ کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں درخواستوں کو نمٹا دیا۔
فائل فوٹو
کراچی کی سٹی کورٹ میں میر رضا قتل کیس کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بزنس پارٹنر احمد اور وینڈر عبداللہ کے نام عبوری پولیس چالان میں شامل نہ ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی میں دونوں افراد کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر احمد، عبداللہ اور کیس کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران دونوں ملزمان کے وکیل خالد ممتاز نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے چالان میں ان کے مؤکلوں کے نام شامل نہیں ہیں۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے اس حوالے سے وضاحت طلب کی تو انہوں نے چالان کی نقول عدالت میں جمع کرادیں۔ تفتیشی افسر نے تصدیق کی کہ عبوری چالان میں احمد اور عبداللہ کے نام شامل نہیں کیے گئے۔
بعد ازاں احمد اور عبداللہ کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں درخواستوں کو نمٹا دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے مدعی مقدمہ کی عدم موجودگی سے متعلق بھی استفسار کیا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ مدعی مقدمہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے واضح کیا کہ درخواست ضمانت واپس لینے کی وجوہات عدالتی حکم نامے میں درج نہیں کی جائیں گی۔
یوں میر رضا قتل کیس میں بزنس پارٹنر احمد اور وینڈر عبداللہ کے حوالے سے پولیس چالان میں نام شامل نہ ہونے کی تصدیق سامنے آگئی، جبکہ عدالت نے ان کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔