اسلام آباد میں 10 روز کے دوران 190 ملزمان گرفتار
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ستمبر کے پہلے 10 روز کے دوران 190 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں عدالتی مفرور، عادی مجرمان اور اشتہاری ملزمان شامل ہیں، جو مختلف جرائم اور وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کے مطابق اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے نگرانی کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔