ملیر میں فراڈ کال سینٹر پر چھاپہ، 7 ملزمان گرفتار
ملزمان سے حاصل ہونے والی مالی معلومات کو مبینہ طور پر دھوکا دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
فائل فوٹو
کراچی کے علاقے ملیر کوثر ٹاؤن میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کو مبینہ طور پر فراڈ کا نشانہ بنانے والے کال سینٹر کا سراغ لگا لیا۔ کارروائی کے دوران کال سینٹر کے مالکان سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں کے افسران ظاہر کرکے شہریوں سے رابطہ کرتے تھے۔ گفتگو کے دوران ان سے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز سمیت دیگر حساس مالی معلومات حاصل کی جاتی تھیں۔
تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ملزمان سے حاصل ہونے والی مالی معلومات کو مبینہ طور پر دھوکا دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
کارروائی کے دوران کال سینٹر سے متعدد لیپ ٹاپ اور موبائل فونز بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔ برآمد ہونے والے آلات کو مزید فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
گرفتار افراد میں کال سینٹر کے آپریٹرز اور ایجنٹس بھی شامل ہیں۔ این سی سی آئی اے کراچی نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے فراڈ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے تحقیقات اور کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔
حکام کے مطابق مقدمہ نمبر 83/26 کے تحت پیکا 2025 اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔