خلیجی کشیدگی، فضائی آپریشن متاثر، پاکستان بھر کے ایئرپورٹس پر درجنوں پروازیں منسوخ

پروازوں کی منسوخی سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مختلف ایئرلائنز کو اپنے پروازوں کے شیڈول میں بار بار تبدیلیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔

September 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث پاکستان بھر میں فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف ایئرپورٹس سے بیرون ملک جانے والی 60 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پروازوں کی منسوخی سے ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مختلف ایئرلائنز کو اپنے پروازوں کے شیڈول میں بار بار تبدیلیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ، ریاض، متحدہ عرب امارات اور دیگر مقامات کے لیے جانے والی 15 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 19، اسلام آباد ایئرپورٹ سے 14، سیالکوٹ سے 2، فیصل آباد سے 4، پشاور سے 4 جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے 5 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کو پروازوں کے اوقات میں مسلسل تبدیلیوں کا سامنا ہے، جس کے باعث مسافروں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔