جعلی پیر بن کر22 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی،ملزم گرفتار
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے کیس جینڈر سیل کے حوالے کردیا ہے۔
فائل فوٹو
لاہور میں پولیس نے دم کرنے کے بہانے ایک 22 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق کوٹ لکھپت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شکیل کو غازی آباد سے گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گزشتہ دو برس سے متاثرہ لڑکی کے گھر دم کرنے کے بہانے آتا جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر لڑکی کو دم کے نام پر ورغلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ وہ متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کے دیگر افراد کو بھی اپنے جھانسے میں لینے کی کوشش کرتا رہا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے کیس جینڈر سیل کے حوالے کردیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا ہے کہ خواتین کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔