اسلام آباد پولیس کی کارروائی، 1 لاکھ ڈالر تاوان کے لیے اغوا غیر ملکی شہری بازیاب

اسلام آباد پولیس نے سیکٹر G-8 سے اغوا ہونے والے غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کروا کر 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

September 12, 2026 · قومی
اسلام آباد پولیس کی بروقت کارروائی، 1 لاکھ ڈالر تاوان کے لیے اغوا غیر ملکی شہری بازیاب

اسلام آباد پولیس کی بروقت کارروائی، 1 لاکھ ڈالر تاوان کے لیے اغوا غیر ملکی شہری بازیاب

اسلام آباد پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کروالیا گیا۔ غیر ملکی شہری کو آج صبح سیکٹر G-8 سے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا تھا۔ ملزمان نے رہائی کے بدلے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان طلب کیا، اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی زون محمد خرم اشرف کی زیرِ نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔ پولیس ٹیموں نے جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کو بروئے کار لاتے ہوئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

کامیاب کارروائی کے دوران تھانہ سہالہ کی حدود سے مغوی غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ غیر ملکی شہری کے اغوا میں ملوث 9 ملزمان گرفتار، ملزمان نے دوران واردات اسلحہ کے زور پر دیگر اسٹاف سے نقدی، قیمتی موبائل فونز اور اشیا بھی چھین لیے تھے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں، چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز برآمد، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شہریوں بالخصوص غیر ملکی باشندوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ اغوا برائے تاوان کی سنگین واردات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔