آصف زرداری کا بیرونِ ملک دورہ نجی تھا، ایوانِ صدر کی وضاحت

اس دوران ہونے والے تمام اخراجات صدر نے اپنی ذاتی حیثیت میں برداشت کیے۔

September 12, 2026 · قومی

اسلام آباد: ایوانِ صدر نے صدر آصف علی زرداری کے حالیہ بیرونِ ملک دورے سے متعلق میڈیا رپورٹس پر وضاحت جاری کردی۔

ایوانِ صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا بیرونِ ملک دورہ مکمل طور پر نجی نوعیت کا تھا اور اس دوران ہونے والے تمام اخراجات صدر نے اپنی ذاتی حیثیت میں برداشت کیے۔

وضاحت کے مطابق صدر نے نجی سفر کے لیے طیارہ ذاتی طور پر چارٹر کیا تھا۔ طیارے کے کرائے کے علاوہ عملے، پارکنگ، قیام اور دیگر سفری اخراجات بھی ذاتی طور پر ادا کیے گئے۔

ایوانِ صدر نے واضح کیا کہ صدر کے اس نجی دورے پر سرکاری خزانے سے کسی قسم کی رقم خرچ نہیں کی گئی۔

میڈیا میں صدر کے دورے سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس کے بعد ایوانِ صدر کی جانب سے اخراجات اور دورے کی نوعیت کے حوالے سے یہ وضاحت جاری کی گئی ہے۔