کراچی میں سی ٹی ڈی، رینجرز کی کارروائیاں،2 دہشتگرد ہلاک

ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت ساجد علی کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعات میں ملوث تھا۔

September 13, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی میں سی ٹی ڈی، سندھ رینجرز اور وفاقی حساس ادارے کی مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران مبینہ مقابلوں میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی وفاقی حساس ادارے کے تعاون سے جمالی پل، سپر ہائی وے کے قریب کی گئی۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے وابستہ ایک مبینہ دہشتگرد مارا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت ساجد علی کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے واقعات میں ملوث تھا۔

دوسری کارروائی سندھ رینجرز کے ساتھ مل کر گلبائی، شیر شاہ کے علاقے میں کی گئی۔ یہاں بھی سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی شناخت ضیا الرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے۔

دونوں کارروائیوں کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید تفتیش اور دیگر ممکنہ ساتھیوں کے حوالے سے معلومات جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔