دادو: پولیس موبائل حادثے میں 7 اہلکار زخمی، نجی باورچی جاں بحق

2 زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے سیہون ریفر کیا گیا۔

September 13, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

دادو: ڈی ایس پی سٹی دادو کی پولیس موبائل حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

حادثے کے بعد زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال دادو منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 2 زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے سیہون ریفر کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق زخمیوں کو سیہون منتقل کرنے کے لیے ایمبولینس کی دستیابی میں تاخیر ہوئی۔ بعد ازاں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے زخمی اہلکاروں کو منتقل کیا گیا۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی دادو کیپٹن (ر) صدام حسین خاصخیلی بھی ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچے اور ایمبولینس کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کیا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں میں یوسف بھٹو، زید لُنڈ، لعل بخش گوپانگ، شیراز نائچ، ماجد قمبرانی، سکندر منگنہار اور احسان شاہانی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت صابر شاہانی کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر ڈی ایس پی سٹی اکبر چنہ کا نجی باورچی تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ڈی ایس پی سٹی اکبر چنہ پولیس موبائل میں موجود نہیں تھے اور محفوظ رہے۔ حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔